ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خونچہ فروشوں، پھیری والوں اور ٹھیلہ گاڑی والوں کو قرض کی فراہمی میں ضلع گلبرگہ تیسرے مقام پر

خونچہ فروشوں، پھیری والوں اور ٹھیلہ گاڑی والوں کو قرض کی فراہمی میں ضلع گلبرگہ تیسرے مقام پر

Mon, 24 May 2021 18:19:45    S.O. News Service

گلبرگہ، 24؍مئی (ایس او نیوز؍شاکر ایم اے حکیم )  وزیر اعظم نریندر مودی کی اسٹریٹ وینڈرس آتما نربھر ندھی اسکیم کے تحت گلی کوچوں کے خونچہ فروشوں،پھیری والوں اور ٹھیلہ گاڑی والوں کو 90فی صدقرضوں کی اجرائی کے سبب ضلع گلبرگہ کو ان قرضوں کی فراہمی و اجرائی کے معاملہ میں تیسرامقام حاصل ہوا ہے۔

میسور ضلع میں ان قرضوں کی ادائیگی کے لئے 8,455درخواستوں کو منظوری دے کر قرضے جاری کئے گئے تھے اس طرح یہ ضلع ان قرضوں کے حصول کے معاملہ میں ریاست میں  سر فہرست ہے۔ جب کہ ہبلی دھاراواڑ ضلع سے 4823درخواستیں منظور کی گئی ہیں اور اس ضلع کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ضلع گلبرگہ میں ان قرضوں کے لئے 6,030درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 5,766درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس طرح ان قرضوں کی اجرائی کے معاملہ میں ضلع گلبرگہ کو ریاست میں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔

سٹی کارپوریشن گلبرگہ کی جانب سے مہیا کردہ اعداد و شمار  کے مطابق ضلع گلبرگہ میں اس طرح جاری کردہ قرضوں کی جملہ رقم 3.34کروڑ روپئے ہے۔ قومائے  گئے  بینکوں کے علاوہ علاقائی و  دیہی بینکوں نے بھی اس طرح کے قرضے تقسیم کئے ہیں۔ ان قرضوں کے تحت اسٹریٹ وینڈر س کو ایک سال کی مدت کے لئے ماہانہ اقساط کی ادائیگی کی بنیاد پر 10,000روپیوں کا قرض دیا جاتا ہے۔

ضلع یادگیر میں 535اسٹریٹ وینڈرس کو، رائچور ضلع میں 2040اسٹریٹ وینڈرس کو اور ضلع بلاری میں 2809اسٹریٹ وینڈرس کو یہ قرضے جاری کئے جاچکے ہیں۔ ضلع کوپل میں آتما نربھر اسکیم کے تحت اسی طرح کی 410قرض کی  درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے۔


Share: